پنجاب میں ڈینگی کے مزید 459 مریض رپورٹ

October 17, 2021


لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سے 459 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ان میں سے 335 مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے 64 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اٹک میں 8، خانیوال 6، گجرات 5، فیصل آباد، مظفر گڑھ، اوکاڑہ اور ساہیوال سے ڈینگی کے 4،4 مریض سامنے آئے ہیں۔

رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 6 ہزار 727 اور لاہور سے 4 ہزار 874 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں گزشتہ روز 147 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں، ضلعی محکمہ صحت کے مطابق دیہی علاقوں میں متاثرین کی تعداد 1249 اور شہری علاقوں میں تعداد 699 ہوگئی جبکہ دارالحکومت میں کل مریضوں کی تعداد 1948 ہوگئی ہے۔