• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں اضافہ جاری، کورونا میں کمی آنے لگی، محکمہ صحت


اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں اضافہ جاری ہے، تاہم کورونا میں کمی آنے لگی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی درالحکومت میں ڈینگی سے مزید 78 افراد بیمار ہوئے ہیں جبکہ 40 میں کورونا کی تشخیص ہوئی اور کورونا مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 4 فیصد رہی۔

محکمہ صحت اسلام آباد کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 78 شہری ڈینگی سے متاثر ہوئے، جس کے بعد ڈینگی کا شکار افراد کی تعداد 1229 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں ڈینگی شدت اختیار کرنے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں ڈینگی سے مزید 46 افراد متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی تعداد 817 ہو گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہری علاقوں میں 32 کیس رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 412 ہو گئی ہے۔

ڈینگی سے بیمار افراد کی سب سے زیادہ تعداد ترلائی میں 399 ہے، کورال میں 146، علی پور میں 100 اور ترنول میں 89 افراد ڈینگی سے بیمار ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار 712 ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں 40 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، اور مثبت کیسز کی شرح 1.4 فیصد رہی۔

تازہ ترین