مہنگائی کے طوفان کا مقابلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، شہباز شریف

October 18, 2021


پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان کا مقابلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، پی ڈی ایم آج مہنگائی کے خلاف احتجاج کےشیڈول کا اعلان کرے گی، ملک گیرمہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

مشترکا پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ن لیگ نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، لوگ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، مہنگائی کا سیلاب عوام کو ڈبو رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ریاستِ مدینہ میں کوئی رات کو بھوکا نہیں سوتا تھا، ریاستِ مدینہ میں سب کے حقوق محفوظ تھے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ موجودہ حکومت آج ملک پر بھاری بوجھ بن چکی ہے، موجودہ حکومت کا پیش کیا گیا بجٹ سراسر فراڈ پر مبنی تھا، ایک کے بعد ایک مِنی بجٹ آرہے ہیں، پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل دس سے بارہ روپے تک مہنگا کردیا گیا، بجلی کے بل عوام پر بجلی بن کر گر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہورہے ہیں، آٹا چینی اور دال بیس ہزار روپے ماہانہ کمانے والے کنبے کی پہنچ سے دور ہوچکے ہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ عمران نیازی کہہ چکے ہیں کہ بجلی اور گیس کے بل بڑھیں تو وزیراعظم اور حکومت چور ہوتی ہے، تنخواہ 20 ہزار ہو، اور بجلی کا بل 10 ہزار آجائے تو گزارہ کیسے ہو؟ ۔