• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو نیوز کو آخری نمبروں پر ڈالنے پر مختلف شہروں میں احتجاج

Protests In Various Cities Against Putting Geo News On Last Numbers
جیو نیوز کو کراچی میں آخری نمبروں پر دھکیلنے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے،کراچی، ملتان، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں ۔

صحافیوں، وکلا، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کے علاوہ سیاسی کارکنوں، تاجروں اور طلبہ نے بھی جیو کے حق میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔

جیو نیوز کو کراچی میں آخری نمبروں پر ڈالنےکےخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں میں نہ صرف صحافیوں، اخبار نویسوں، میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد شریک ہوئی بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمائندگی کرنے والے افراد کی بڑی تعداد نے جیو نیوز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

اسلام آباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ن لیگ حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت پرعزم ہے کہ وہ آزادیٔ صحافت پر زک نہیں پڑنے دے گی۔

اسی مظاہرے سے اقلیتی برادری کے نمائندے جے سالک نے بھی خطاب کیا، جبکہ سینیئر صحافی مطیع اللہ جان نے بھی جیو نیوز سے اظہار یکجہتی کیا۔

کوئٹہ میں بھی مظاہرے میں میڈیا کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، حافظ حسین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اگر ہم آزادی صحافت پر متحد رہیں گے اور آگے چل کر دوسروں کو پریشانی نہیں ہوگی۔

کراچی میں جیو نیوز کو آخری نمبروں پر ڈالنے کے خلاف لاہور میں صحافتی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے ڈیوس روڈ پر احتجاج کیا، مظاہرین کی جانب سے جیو نیوز کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

صدر لاہور پریس کلب شہباز میاں اور سیکریٹری پریس کلب شاداب ریاض نے کہا کہ جیونیوز عوام کی آواز ہے جسے دبایا نہیں جاسکتا، احتجاج کے شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔

پشاور میں ہوئے احتجاج میں مختلف سیاسی جماعتوں کےرہنمابھی شریک تھے، پشاورپریس کلب کےجنرل باڈی اجلاس میں جیونیوزکوآخری نمبرزپرڈالنےکی مذمت کی اور جیونیوزکواسکی سابقہ پوزیشن پربحال کرنےکی قراردادمنظورکی گئی۔

کراچی میں جیو نیوز کو إٓخری نمبروں پر دھکیلنے کے خلاف کراچی میں احتجاجی ریلی آئی آئی چندریگر روڈ سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی،جس میں نہ صرف صحافی نمائندوں، بلکہ وکلاء برادری، سیاسی رہنماؤں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

کراچی پریس کلب پر مظاہرین کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کو آخری نمبروں پرڈالنا آزادیٔ صحافت کا گلا دبانا کے مترادف ہے، مظاہرین نے جیو کے حق میں نعرے لگائے اور اظہار یکجہتی بھی کیا۔

مظاہرین سےکراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اے ایچ خانزادہ ، سینئر صحافی مظہرعباس، کے یو جے کے صدورامتیاز خان فاران،حسن عباس، پی ایف یو جے کے سابق سیکریٹری جنرل خورشید عباسی، پی ایف یو جے کے سیکرٹری جی ایم جمالی، پی ایف یو جے دستور کے صدرادریس بختیار، شکیل یامین کانگا، رانا یوسف، شیربانو اور جیو نیوز کے بیورو چیف فہیم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین