• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن و سیاہ فام کی حمایت کیلئے ٹرمپ کا یوٹرن

Immigrants And The Trump U Turn To Support Black
غیر قانونی تارکین وطن اور سیاہ فام ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور یوٹرن لے لیا اور انہیں سنہرے خواب دکھانے لگے ہیں۔ ادھر ہالی وڈ کے معروف واک آف فیم میں ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مخصوص نشان کو ایک شخص نے بری طرح توڑ پھوڑ دیا ۔

غیر قانونی تارکین وطن اور سیاہ فام ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور یوٹرن لے لیا ہے۔ تارکین وطن کو برا بھلا کہنے والے ٹرمپ نے اب رخ کیا نارتھ کیرولائنا کا، تاکہ وہاں کے سیاہ فام افراد کو منا سکیں۔ پھر کیا تھا ٹرمپ نے انہیں خوب سبز باغ دکھائے اور وعدے بھی کیے۔

اقلیتوں کی حفاظت ، انکی تعلیم اور بہترین تنخواہوں کے خوب سنہرے خواب دکھائے۔یاد رہے کہ انہیں تارکین وطن کو برا بھلا کہنے پر ان کے ہوٹل کے چیف شیف جوزے آندرے نے انہیں چھوڑ دیا تھا۔ یہ معروف شیف اب کھل کر ہلیری کلنٹن کی حمایت میں سر گرم ہوگئے ہیں۔ ٹامپا میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ہلیری ایک شاندار شخصیت کی مالک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو اس وقت تک معاف نہیں کیا جاسکتا، جب تک وہ ہر تارک وطن، ہر عورت، ہر بزرگ اور ہر اس شخص سے معافی نہیں مانگ لیتا ،جس کی اس نے بے عزتی کی ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے گذشتہ روز اپنی فلوریڈا میں اپنی سالگرہ منائی۔ انہترویں سالگرہ پر لوگوں نے ان کے لیے خوب اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر ہلیری نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے ہوٹل کے افتتاح پر کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس ہوٹل میں بھی ملازمین کو غیرقانونی طریقوں سے رکھا گیا اور ٹیکس بچانے کے لیے حربے اپنائے گئے ہوں گے۔

ادھر ہالی وڈ کے معروف واک آف فیم میں ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مخصوص نشان کو ایک شخص نے بری طرح توڑ پھوڑ دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اسے ٹرمپ کی جانب سے خواتین کی بے حرمتی کے واقعات اور سخت زبان استعمال کرنے پر شدید غصہ تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے پہلے خوش خبری یہ آئی ہے کہ قابل اعتماد ادارے بلوم برگ نے پہلی مرتبہ ٹرمپ کو پول میں ہلیری سے آگے دکھایا گیا ہے۔ پہلے بھی انتخابی تنازعات کو جنم دینے والی ریاست فلوریڈا میں لگتا ہے کہ اس بار بھی کوئی انوکھا کام ہونے والا ہے۔

بلوم برگ کے مطابق ایک سروے میں پتہ چلا ہے کہ ٹرمپ کی برتری ہلیری کلنٹن پر2 پوائنٹ تک بڑھ چکی ہے۔ دیگر سروے اب ابھی ہلیری کو ہی آگے دکھا رہے ہیں اور ملک سروے کے مطابق ہلیری کی برتری 5پوائنٹ تک زیادہ ہے۔
تازہ ترین