• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ:جاں بحق افراد کی میتیں پمز منتقل

Pak Armys Helicopters To Shift Bodies Of Pia Plane Crash Victims To Islamabad
طیارہ حادثے میں جاں بحق 28 افراد کی میتیں ایئرپورٹ سے پمز منتقل کردی گئیں ۔باقی میتیں بھی جلد منتقل کردی جائیں گی۔ورثا کے سپرد کرنے سے پہلے ڈی این اے ٹیسٹ سے میتوں کی شناخت کی جائےگی ۔

پہلے مرحلے میں تین ہیلی کاپٹروں میں23 میتیں اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد پہنچائیں گئیں،اسلام آباد ہیلی پیڈ سےمیتیں پمزمنتقل کی گئیں ، جہاں لواحقین کی سہولت کے لیے ڈیسک قائم کردی گئی ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو پمز اسپتال میں ڈی این اے نمونے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایبٹ آباد سے 20سے زائد ایمبولینسز میں میتیں اسلام آباد زیروپوائنٹ تک پہنچ گئیں۔میڈیکل کمپلیکس میں چھ افراد کی ہی شناخت ممکن ہوسکی تھی ۔


وزیر مملکت طارق فضل چودھری کا کہناہےکہ جنید جمشید کی میت کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے،ڈی این اے کیلئے ان کے بھائی ہمایوں کے خون کے نمونے لے لئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی این اے کی مدد سے شناخت کیے بغیر میتیں لواحقین کے حوالے نہیں کی جائیں گی، ڈی این اے سیمپلنگ میں 6 سے7 دن لگ سکتےہیں ۔

پی آئی اے نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو اسلام آباد لے جانے کےلیے فری ٹکٹ کی سہولت فراہم کردی ۔ ایئرلائن کا کہناہے کہ جو لواحقین حادثے کی جگہ جانا چاہیں بذریعہ سڑک ایبٹ آباد لے جانے کا بھی انتظام ہے۔

دوسری طرف ایئر کموڈور منیر بٹ کی سربراہی میں تشکیل کردہ ٹیم نےجائے حادثہ کا دورہ کیا اورواقعے کےشواہد اکٹھے کیے۔

پی آئی اے کا اے ٹی آر ۔42طیارہ گزشتہ شام حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوا گیا تھا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار معروف اسکالر اور نعت خواں جنید جمشید سمیت تمام 47افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
تازہ ترین