• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا پاکستان کے حالات کی وجہ بدعنوانی ہے؟ سینیٹر پرویز رشید

Is Pakistans Condition Due To Corruption Pervaiz Rasheed

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ کیاپاکستان کے حالات کی وجہ بدعنوانی ہے؟ کس سیاست دان کی بد عنوانی کے باعث ملک دو لخت ہوا؟ دہشت گردی نے کس بدعنوانی سے جنم لیا؟

سینیٹر فرحت اللہ بابر کہتے ہیں کہ ایک ٹویٹ آیا کہ وہ کرپشن کے خلاف اور قانون کے ساتھ ہیں، کاش یہ ٹویٹ تب بھی آتا جب پرویز مشرف عدالت جاتے ہوئے اسپتال کی طرف مڑ گئے تھے۔

سینیٹر پرویز رشید نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئےسوالات اٹھائے کہ بدعنوانی کرنے والے کو ضرورسزا ملنی چاہیے لیکن پاکستان میں ون یونٹ کا قیام زیادہ تباہی کا سبب بنا یا سیاست دانوں کی بدعنوانی؟ کس سیاست دان کی بدعنوانی سے 1971ء میں ملک دو لخت ہوا، دہشت گردی نے کس بدعنوانی سے جنم لیا، ملک کی سرحدوں پر خطرات اورمعیشت کی خرابی کیا سیاستدانوں کی بدعنوانی سے پیدا ہوئی؟بلوچستان کے لوگوں کے دکھ کس بدعنوان سیاست دان کی وجہ سے ہیں؟

وہ جے آئی ٹی پہ بھی برسے اور کہا کہ جنہیں 60 دن کا اقتدار ملا وہ 40 سال کا حساب مانگ رہے ہیں، جے آئی ٹی نے کزن کی کمپنی کو 49 ہزار پاؤنڈ قومی خزانہ سے ادا کیے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہاکہ وزیر اعظم کہیں کہ ان کے اوپر الزام ہے اور وہ استعفیٰ دے رہے ہیں، وہ اخلاق کی اونچی سطح پر ہوں گے، ان کی پارٹی میں بہت قابل افراد ہیں ، کسی کو وزیر اعظم بنا دیں، آسمان گرے گا نہ ہی جمہوریت کو خطرہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جاتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی کو ہدایت دیں کہ احتساب کے نئے قانون کو سب کے لیے بنایا جائے، کوئی مقدس گائے نہیں ہونی چاہیے، ایک ٹویٹ آیا تھا کہ وہ کرپشن کے خلاف اور قانون کے ساتھ ہیں، کاش یہ ٹویٹ تب بھی آتا جب مشرف عدالت جاتے ہوئے اسپتال کی طرف مڑ گیاتھا، کاش یہ ٹویٹ ڈی ایچ اے میں کرپشن پر بھی آتا۔

ان جملوں پہ چیئرمین سینیٹ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فرحت اللہ بابر ، لگتا ہے کہ آپ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

 

تازہ ترین