• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


عیدالفطر پر نیلم منیر کی فلم’’رانگ نمبر 2‘‘ اور مہوش حیات کی فلم ’’چھلاوہ‘‘ کے مابین مقابلہ تھا، جو نیلم منیر نے شوخ و چنچل اداکاری کی بدولت اپنے نام کر لیا۔

نیلم نے ثابت کیا کہ مہوش حیات کا دور گزر رہا ہے، جب کہ نیلم کا دور آرہا ہے۔ نیلم نے فلموں کی سپر ہٹ اداکارہ مہوش حیات کو باکس آفس پر بہت پیچھے چھوڑ دیا۔ نیلم نے اپنی دوسری ہی فلم میں ثابت کر دیا کہ وہ پاکستانی فلموں کی صفِ اوّل کی فن کارہ بننے جا رہی ہیں۔

ہدایت کار یاسر نواز کی فلم ’’رانگ نمبر 2‘‘ سے نیلم منیر کو الگ کر دیا جائے تو باقی کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ انہوں نے فلم کے ایک، ایک سین میں جم کر اداکاری کی۔ ’’زویا‘‘ کے کردار میں نیلم نے سینئر اداکار جاوید شیخ کے مدِمقابل جم کر اداکاری کی۔

سینما اسکرین پر فلم کے ہیرو سمیع خان کو زیرو ثابت کر دیا۔ فلم کے ہر سین میں وہ ہیرو پر غالب نظر آئیں۔ فلم میں سمیع خان بھرتی کے ہیرو ثابت ہوئے۔

نیلم کی پہلی فلم احسن خان کے ساتھ’’ چھپن چھپائی‘‘ کے نام سے ریلیز ہوئی تھی۔ 2017ء میں اس فلم کو بہت سراہا گیا تھا۔ صرف ایک سال کے وقفے سے نیلم منیر نے اپنی دوسری فلم ’’رانگ نمبر 2‘‘ میں اپنی شوخ و چنچل اداکاری سے فلم بینوں کے دل جیت لیے، جب کہ دوسری جانب ان کے مقابلے میں فلموں کی منجھی ہوئی سپر اسٹار مہوش حیات تھیں۔ مہوش کی چھٹی فلم ’’چھلاوہ‘‘ باکس آفس پر کوئی خاص رنگ نہیں جما سکی۔

توقع کی جا رہی تھی کہ فلم بین مہوش کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سینما گھروں کا رُخ کریں گے، مگر ایسا نہیں ہوا۔ اس میں مہوش کا قصور کم ڈائریکٹر وجاہت رئوف کا زیادہ ہے۔ چھلاوہ میں مہوش کے کردار کا نام بھی ’’زویا‘‘ تھا۔ ’’رانگ نمبر 2‘‘ میں نیلم منیر بھی زویا کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں۔

مہوش حیات کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ نامعلوم افراد، جوانی پھر نہیں آنی، ایکٹر اِن لاء، پنجاب نہیں جائوں گی اور لوڈویڈنگ میں مہوش نے عمدہ کام کیا تھا، لیکن ’’چھلاوہ‘‘ میں وجاہت رئوف نے مہوش حیات کو ضائع کر دیا، حالاں کہ حال ہی میں مہوش کو صدارتی ایوارڈ بھی ملا تھا، مگر ڈائریکٹر اس مقبولیت سے بھی فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ وجاہت اس سے قبل صبا قمر جیسی باصلاحیت اداکارہ کو بھی فلم ’’لاہور سے آگے‘‘ میںضائع کر چکے ہیں۔

2019ء مہوش حیات کے لیے ٹف ثابت ہوا، جب کہ نیلم منیر کے لیے ان گنت خوشیاں لے کر آیا۔ رواں برس نیلم کی ایک اور بڑی فلم’’ کاف کنگنا ‘‘ بھی عیدالاضحی پر ریلیز ہو گی۔ آئی ایس پی آر اور ہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر کی اس فلم میں نیلم کا آئٹم سونگ پہلے ہی مقبول ہو چکا ہے۔

مستقبل میں نیلم کو ندیم بیگ، نبیل قریشی اور شعیب منصور جیسے ہدایت کار میسر آئیں تو وہ سینما گھروں میں راج کریں گی۔ ان کے مقابلے مہوش حیات کو مقابلے کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے ایک ہٹ فلم کی ضرورت ہو گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین