• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغدادی کا کھوج لگانے والا کتا وائٹ ہاؤس کا مہمان بنے گا

امریکی کارروائی میں ہلاک ہونے والے داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کا سراغ لگانے والا کتا جلد وائٹ ہاؤس کا مہمان بنے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کا پتہ لگانے میں امریکی کمانڈوز کی مدد کرنے والا ’ہیرو کتا‘ جلد وائٹ ہاؤس کا دورہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے: داعش نے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کردی

’کونن‘ نامی یہ کتا گزشتہ ماہ شمال مغربی شام میں ابو بکر البغدادی کے ٹھکانے پر چھاپہ مارنے کے دوران زخمی ہوگیا تھا جو کہ اب ٹھیک ہو کر دوبارہ واپس آگیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ روز قبل اس حوالے سے ایک ٹوئٹ بھی کیا تھا جس میں انہوں نے کتے کی تصویر شیئر کرنے کے ساتھ لکھا تھا کہ اس کتے نے داعش کے سربراہ کے ’پکڑے جانے اور ہلاکت میں اہم کردار ادا کیا۔‘ انہوں نے اس کا نام ظاہر نہیں کیا اور کہا کہ یہ خفیہ ہی رہے گا۔

تاہم، امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کتے کا نام بتادیا گیا ہے اور صرف یہی نہیں بلکہ کونن جلد وائٹ ہاؤس کا دورہ بھی کرے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال یکم نومبر کو داعش نے اپنے سربراہ ابوبکر البغدادی کی امریکی آپریشن میں ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ داعش کی جانب سے جاری آڈیو بیان میں کہا گیاتھا کہ ’اے وفادار کمانڈر ہم آپ کی موت پر افسردہ ہیں۔‘

ساتھ ہی اس آڈیو بیان میں داعش نے اپنے تنظیم کے نئے سربراہ اور ترجمان کا بھی اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ’ابو حمزہ القریشی کو تنظیم کا نیا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔‘

دوسری جانب پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے بھی تصدیق کی کہ بغدادی کی لاش کو ایک نامعلوم مقام پر سمندر برد کر دیا گیا ہے، جیسے 2011 میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی لاش کے ساتھ کیا گیا تھا، جب وہ پاکستان میں ایک امریکی کارروائی میں ہلاک کیا گیا تھے۔

تازہ ترین