راولپنڈی میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ لال حویلی کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں، لڑکے نالائق ہو گئے، جبکہ لڑکیاں آگے نکل گئی ہیں۔
راولپنڈی میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن میں ملٹی پرپز اکیڈمک ہال کا افتتاح کر دیا۔
کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں جو بھی پلاٹ خالی نظر آئے وہاں کالج اور یونیورسٹیز بنائیں، ان شاء اللّٰہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لال حویلی کو بھی مستقبل میں یونیورسٹی کا درجہ دیں گے، بچیوں کو باہر کی ٹاپ یونیورسٹی سے تعلیم دلانے کے لیے لال حویلی کردار ادا کرے گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ بچیوں کے کالجز میں ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے، کوئی بچی ایک کلو میٹر سے زیادہ فاصلے پر پیدل نہیں جائے گی۔
شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب ہمارا فوکس اسپتالوں پر ہے، ہولی فیملی اسپتال کو 20 وینٹی لیٹرز دیئے ہیں، نالہ لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ منصوبہ بھی منظور کروایا ہے۔