• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب نون لیگ کے 3 گروپ دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید


وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ الیکشن کے قریب مسلم لیگ نون میں نئی صف بندی ہو گی، میں اب نون لیگ کو 2 کے بجائے 3 گروپوں میں تقسیم دیکھ رہا ہوں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں نئے تعمیر شدہ پوسٹ گریجویٹ بلاک کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف زبان استعمال کرنے والے اور جو حکومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں وہ سب منہ کے بل گریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست کے 120 دن اہم ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان سرخرو ہوں گے، عمران خان کی قیادت میں ان شاء اللّٰہ تبدیلی لے کر آئیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پا لیں گے، وزیرِ اعظم نے کورونا کی وباء کو بہتر طریقے سے ہینڈل کیا، وہ افغانستان کو بھی بہتر طریقے سے ہینڈل کریں گے، طور خم بارڈر کھلا ہے، چمن بارڈر کو ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے حساس اور پیچیدہ وقت سے گزر رہا ہے، سیاست دان مغرب کی طرف دیکھ رہے ہیں جبکہ سیاست مشرق سے طلوع ہو رہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 22 اکتوبر سے سیاست میں تیزی آئے گی، وزیرِ اعظم عمران خان بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں جائیں گے۔

انہوں نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں نئے تعمیر شدہ پوسٹ گریجویٹ بلاک کے حوالے سے بتایا کہ یہ پوسٹ گریجویٹ بلاک 13 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ ویمن یونیورسٹی میں 40 کروڑ روپے کا ہاسٹل بھی زیرِ تعمیر ہے، راولپنڈی شہر خواتین کی تعلیم میں پاکستان میں سب سے آگے ہے۔

شیخ رشید احمد کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہنا ہے کہ 50 سالہ تعلیمی منصوبہ مکمل کر لیا ہے، مزید کام بھی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین