• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابی پیرزادہ نے سارے حروفِ تہجی کی کیلیگرافی کرلی

شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ  نے سارے حروفِ تہجی کی کیلیگرافی کرلی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر رابی پیرزادہ نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے ہاتھ سے کی گئی حروفِ تہجی کی خوبصورت کیلیگرافی مداحوں کو دِکھا رہی ہیں۔

رابی پیرزادہ نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ اُنہوں نے ہر حروفِ تہجی کے ساتھ ایک آیت لکھی ہے اور وہ بہت جلد اپنی اس کیلیگرافی کو نمائش کے لیے پیش کریں گی۔

سابقہ گلوکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ نے مجھ سے ایک نیا کام  کروا لیا ہے، میں نے سارے حروفِ تہجی کی کیلیگرافی کرلی۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی کہا کہ ’کوشش ہے کہ اس کا قائدہ بھی پرنٹ کروالوں۔‘

رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’میری قرآن پاک سے محبت بے لوث ہے، میرا مقصد ساری عمر قرآنِ پاک لکھنا، سمجھنا اور دوسروں تک پہنچانا ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے اپنے چاہنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ سب میری دُعاؤں میں شامل ہیں۔‘

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے سال 2019 میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گُزارنے کا فیصلہ کیا۔

رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید