• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کیخلاف اپوزیشن احتجاج شروع، PDM اور پیپلزپارٹی کے الگ الگ مظاہرے، جسم پر روٹیاں باندھ کر حکومت کے خلاف نعرے، خواتین بھی شریک


راولپنڈی، کراچی، لاہور، کوئٹہ، حیدرآباد (نمائندہ جنگ، نیوزایجنسیاں ) مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کی احتجاجی تحریک شروع ہو گئی، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی نے الگ الگ مظاہرے کئے، مظاہرین نے جسم پر روٹیاں باندھ کر حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی، ن لیگ نے مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف لیاقت باغ سے کمیٹی چوک تک ریلی نکالی،کارکن رکاوٹیں ہٹا کر مری روڈ پر پہنچ گئے،دھرنا دیا جس کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہوگیا، مظاہروں میں خواتین بھی شریک تھیں۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا کہنا ہے کہ نالائق حکومت کو فوری گھر بھیجنا ضروری ہے، بھرپور احتجاج کیلئے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوئے جس میں کل بروز جمعہ سے بڑے مظاہروں کا اعلان کیا گیا۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مختلف اضلاع میں جیالوں کے مظاہرے ملک گیر احتجاج کی کڑی ہے، سندھ، کے پی کے ،پیجاب اور بلوچستان میں مہنگائی کیخلاف احتجاج حکومت کیلئے نوشتہ دیوار ہے،بلاول بھٹو نے پی پی ارکان کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مہنگائی کیخلاف احتجاج کی ہدایت کی ہے۔

سکھر ، خضدار، چارسدہ اور سرگردھا میں بھی پی ڈی ایم اور ن لیگ کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے گئے جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف وکلا ء اور ٹرانسپورٹرز بھی سراپا احتجاج بن گئے۔ 

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم نے راولپنڈی سے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا۔اپوزیشن اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ن) کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ کے باہر مہنگائی کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔

پی ڈی ایم کے اعلان کے مطابق اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے ملک میں مہنگائی پر حکومت کیخلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرہ کی قیادت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب ، سابق ایم این اے حنیف عباسی و دیگر نے کی۔ 

مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف آٹا چور ، بجلی چور اور گیس چور حکومت کے نعرے لگائے گئے۔ اس دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف لیاقت باغ سے کمیٹی چوک تک ریلی بھی نکالی جسکے باعث مری روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان نے مری روڈ پر دھرنا دے دیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے، ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا، حکومت نے عوام کے پاس چینی، دوائی، آٹااور بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے، یہ ملک ان چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ان نالائقوں کو اب گھر جانا ہوگا، انہیں ووٹ دینے والے بھی اب پریشان اور انھیں بددعائیں دے رہے ہیں۔

ادھرمسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے اعلی سطح کےاجلاس میں بدترین مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا پروگرام تشکیل دیدیاگیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیتے ہوئے نظام الاوقات کی منظوری دی۔

اجلاس میں گزشتہ روز 20 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج کے آغاز کا فیصلہ کیاگیا تھااور صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو احتجاج کی کال دے دی گئی۔دوسری جانب مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر راناثناءاللہ کی زیر صدارت پنجاب کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اعلان کیاگیاکہ کل22اکتوبر بعدازنماز جمعہ تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں مہنگائی کےخلاف مظاہرے ہونگے۔مہنگائی اور بیروزگاری کےخلاف پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے احتجاجی مظاہرے ہونگے۔احتجاجی مظاہروں میں پارٹی قائدین شرکت کرینگے۔مظاہروں کے مقامات کا اعلان کل کیا جائے گا۔ 

رانا ثناء اللہ نے میڈیاسے گفتگومیں کہاہے کہ دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کرمہنگائی اور اس حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے اور نااہل حکمرانوں سے قوم کو نجات دلائیں گے ۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے عمران خان ناکامیوں پرپردہ ڈالنے کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال کرتے ہیں۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ میں حکمران ایک ایک چیز کا حساب دیتا ہے جبکہ یہاں کہا جاتا ہے کہ تحفوں کا نہ پوچھا جائے ۔انہوں نے کہاکہ نالائقوں کورخصت نہ کیاتومسائل ناقابل حل ہوجائینگے، پی ڈی ایم کی تحریک سے جعلی حکمرانوں کوگھربھیجیں گے۔ 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ ،کے پی کے ،پیجاب اور بلوچستان میں مہنگائی کے خلاف احتجاج حکومت کے لئے نوشتہ دیوار ہے،پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے،سلیکٹڈ کو عوام کے غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف پیپلزپارٹی کا ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈالر کی اڑان اور سلیکٹڈ سرکار کی گراٹ تیز رفتاری سے جاری ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف پیپلزپارٹی کا ملک بھر میں احتجاج جاری ہے، غیر منتخب مشیر خزانہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف سے تباہ کن معاہدے کر رہے ہیں، نالائق وزیر اعظم کو نکالنے کیلئے عوام بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دے۔ ادھر حیدرآباد میں پریس کلب کے سامنے وکلا کی جانب سے مہنگائی کے خلاف نعریبازی بھی کی گئی ہے۔ 

وکلا نے کہا ملک میں مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ عام آدمی کا جینا مشکل ہوچکا ہے، حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔وکلا نے کہا کہ پٹرول کی قیمت ساری اشیاء کی قیمتوں کو بڑھا دیتی ہے لیکن جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نیچے آجاتی ہیں جب بھی چیزوں کی قیمتیں کم نہیں ہوتی ہیں۔ 

تازہ ترین