راولپنڈی(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج میں کوئی دراڑ نہیں‘عمران خان کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی‘مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
شہباز شریف کی اگر ملاقاتیں ہو رہی ہیں تو اچھی بات ہے لیکن اس کے بعد باتیں بھی سامنے آنی چاہئیں ‘ الیکشن سے پہلے اپوزیشن کوئی دنگا فساد کرے گی تو اپنے لیے سیاسی گڑھا کھودے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
شیخ رشید احمد نے کہاکہ عمران خان مہنگائی کے مسئلہ کو خود دیکھتے ہیں اور مہنگائی پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں‘پی ڈی ایم والے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے توکوئی انہیں کچھ نہیں کہے گا۔
اپوزیشن ایک ڈیڑھ مہینہ احتجاج کرے گی کیونکہ وہ معاملات الیکشن تک لے جاناچاہتے ہیں‘بیس یا بائیس مہینوں بعد جب الیکشن آئے گا تو نون لیگ کی نئی الائنمنٹ ہوگی ،امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے کہ نون اور شین دو دو مسلم لیگیں ہیں‘الیکشن سے پہلے تیسری لیگ بھی وجود میں آجائے گی۔