اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ نے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کیس میں دو ماہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیدیا ۔
بدھ کو دور ان سماعت عدالت عظمیٰ نے کہاکہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی ہو گی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ ایک وائس چانسلر بھی نہیں لگایا جا سکا ،اصل مسئلہ یہ ہے اپنا بندہ لگانا چاہتے ہیں۔
سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیٹی نیا رولز نہیں بنا سکتی ۔ وکیل ڈاکٹر شمس الدین نے کہاکہ امیدوارن کے انٹر ویو کئے جا رہے ۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کاحکم دیاتھا ،سپریم کورٹ نے وائس چانسلرکی تقرری کیلئے پہلے دئیے گئے اشتہار کے تحت کاروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی ،سپریم کورٹ میں ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کے عمل میں شامل ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔