کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے خضدار شہر میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میںجعلی مشروبات (کولڈرنکس) پکڑ لیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی زونل ٹیم نے خضدار میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں جعلی کولڈرنکس برآمد کرلیں،معروف برانڈز کی جعلی مشروبات کی فروخت پر 2 ہول سیل ٹریڈرز اور 2 بیکرز پر جرمانہ عائد کر دئیے گئے ، مراکز سے برآمد ہونے والی جعلی کولڈرنکس کو بعدازاں ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کی موجودگی میں تلف کردیا گیا، مزید برآں ہولسیل ٹریڈرز سے زائد المعیاد چائے کی پتی بھی برآمد ہوئی جس پر ٹیمپرنگ کرکے دوبارہ ایکسپائری تاریخ چسپاں کی گئی تھی۔ایک ہولسیلر سے چائے کی پتی پر ٹیمپرنگ کیلئے استعمال کی جانے والی مشین بھی پکڑی گئی جسے بی ایف اے حکام نے قبضے لے لیا۔ بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم کی جانب سے خضدار شہر میں موجود دیگر کھانے پینے کے مراکز کی انسپیکشن کے دوران 2 جنرل سٹورز پر بھی جرمانے عائد کیے گئے جن کی وجوہات زائد المعیاد کوکنگ آئل اور بچوں کے کھانے کی ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی بتائی گئی ۔ بی ایف اے حکام نے صفائی کے ناکافی انتظامات سمیت دیگر معمولی نقائص پر 15 سے زائد متفرق مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے جبکہ مراکز مالکان کو ترجیحی بنیادوں پر صفائی کی صورتحال کی بہتری و فوڈ سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔