• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا ٹائٹل سائٹ لمیٹڈ کو منتقل کیا جائے، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا ٹائٹل سائٹ لمیٹڈ کو منتقل کرے تاکہ صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کی جاسکے انہوں نے محکمہ توانائی کو انڈسٹریل اسٹیٹ کو گیس کنکشن کی فراہمی کیلئے 326 ملین روپے کا سوئی سدرن گیس کمپنی کا چالان بھی ادا کرنے کی ہدایت کی انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہاؤس میں لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے معاملے پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ ، وزیر صنعت جام اکرام دھاریجو ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سینئر بورڈ آف روینیو شمس سومرو ، سیکرٹری توانائی ابوبکر اور دیگر نے شرکت کی وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ لاکانہ کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جنوری 2021 میں کیا اور اب صنعتی و تجارتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کرنے کیلئے زمین کا ٹائٹل منتقل کرنا ہوگا لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ 500 ایکڑ رقبے پر قائم کیا گیا ہے،اس کی سنگ بنیاد تقریب دسمبر 2009 میں کی گئی وزیر صنعت نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ 2.4 ارب روپے میں قائم کیا گیا ہے جس میں ہر ایک ایکڑ پر مشتمل 94 پلاٹ ، ہر 1000 گز کے 20 کمرشل پلاٹ اور 95.41 ایکڑ دیگر سہولیات کیلئے مختص ہیں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور فائر ٹینڈر ، ایمبولینس ، ٹریکٹر ٹرالیوں اور سیکورٹی گاڑیوں کی خریداری کا عمل جاری ہے اور آکسیڈیشن تالاب کا 0 فیصد کام ، گرڈ سٹیشن بلڈنگ کا 50 فیصد کام ہو چکا ہےوزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے گیس کنکشن کیلئے 326.125 ملین روپے کی منظوری دی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے لائن سے گیس پائپ لائن عبور کرنے کیلئے پاکستان ریلوے کا این او سی درکار تھا، گیس سائٹ کے علاقے سے 3 کلومیٹر دور واقع ہے وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر توانائی کو ہدایت کی کہ گیس کنکشن کا کام تیز کیا جائے تاکہ صنعتکاروں کو پلاٹ الاٹ کیے جا سکیں وزیراعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کو علاقے میں معاشی و سماجی تبدیلی کا پیش خیمہ قرار دیا۔

تازہ ترین