لاہور(نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیر ین کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے این اے 133لاہور میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کے عہدیداروں کی ملاقات، زرداری ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں راجہ پرویز اشرف،حسن مرتضی،شہزاد سعید چیمہ اور اسلم گل شریک ہوئے، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ این اے 133میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کا اعلان 24گھنٹے میں کر دیا جائیگا۔آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی این اے 133 کا انتخابی معرکہ بھر پور طریقے سے لڑے گی۔کارکن تمام اختلافات بھلا کر پر عزم طریقے سے ضمنی الیکشن کی تیاری کریں۔پیپلز پارٹی ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی اور جمہوریت کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔