• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے پاکستان فلم انڈسٹری کو دوبارہ زندہ کیا: مہوش حیات


پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات نے کہا ہے کہ اُنہوں نے لالی ووڈ کو دوبارہ زندہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

گزشتہ شب مہوش حیات نے جیونیوز کے پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں بطورِ  مہمان خصوصی شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

دورانِ گفتگو میزبان شہزاد اقبال نے مہوش حیات سے اُنہیں ملنے والے تمغۂ امتیاز سے متعلق سوال کیا۔

شہزاد اقبال نے کہا کہ ’جب آپ کو تمغۂ امتیاز ملا تو کئی اعتراضات کیے گئے، کئی فنکاروں نے کہا کہ بہت سے سینئر اداکار ہیں جو کئی دہائیوں سے انڈسٹری سے وابستہ ہیں، اُنہیں تمغۂ امتیاز نہیں دیا گیا تو مہوش حیات کو کیوں دیا، اس پر آپ کیا کہنا چاہیں گی؟‘

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ ’میری تمام فلمیں بلاک بسٹر رہیں، میری فلم نے 160 کروڑ روپے کا برنس کیا۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ ’میں نے پاکستان کی فلم انڈسٹری کو دوبارہ زندہ کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں نے پاکستان فلم انڈسٹری پر کسی دوسری انڈسٹری کو ترجیح نہیں دی، یہاں رہ کر اس ملک کے لیے کام کیا۔‘

واضح رہے کہ سال 2019ء میں یوم پاکستان کے موقع پر مہوش حیات کو پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے کی وجہ سے پاکستان کی سِول اور عسکری شخصیات کو عطا کیا جانے والا چوتھے بڑےاعزاز ’تمغہ امتیاز‘ سے نوازا گیا تھا۔

تازہ ترین