وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے استفسار کیا ہے کہ کراچی میں آٹا کیوں مہنگا بک رہا ہے؟
فیصل آباد میں میڈیا سےگفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے خلاف بھی احتجاج کرے، بلاول سے پوچھتا ہوں کراچی میں آٹا کیوں مہنگا بک رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کا 30 فیصد سندھ میں دیا گیا، ہیلتھ کارڈ لے کر آرہے ہیں، عمران خان عوام کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ معیشت نہیں چل رہی انہیں تعصب کی عینک اتارنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس سال چینی کی پیداوار زیادہ ہوگی، مکئی کی فصل میں 18فیصد اضافہ نظر آرہا ہے جبکہ گندم کی نئی فصل میں اضافہ ہوگا۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ ہم وہ اقدامات کر رہے ہیں، جو 30 سال میں نہیں لیے گئے، ہم نے یوریا کی قیمت میں استحکام رکھا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، ترسیلات زر میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل بھارت کو ٹی20 میچ میں شکست دینی ہے، پوری قوم کی دعائیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔