• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کے دوسرے روز بھی مظاہرے


لاہور، اسلام آباد، کراچی، سیالکوٹ (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) اور پیپلز پارٹی نے مہنگائی کیخلاف مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرے کئے۔

جماعت اسلامی نے پاکپتن میں کیمپ جبکہ چیچہ وطنی میں ’’مار گئی مہنگائی ریلی‘‘ نکالی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ مظاہروں نے عمران کی مقبولیت کی پول کھول دی، پیپلزپارٹی عوام کیساتھ کھڑی ہے، PTIاقتدارکے خاتمے تک احتجاج جاری رہےگا۔

رہنما ن لیگ خواجہ آصف نے کہا عمران خان عوام نہیں بجلی، تیل ،ایل این جی مافیازکیلئے کام کررہےہیں۔بلاول بھٹو نے اٹک، اوکاڑہ اور ضلع خیبر میں مہنگائی کے خلاف عوامی ریلیاں نکالنے پر جیالوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مہنگائی کیخلاف قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ 

بیان میں بلاول نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاس ملک میں مہنگائی کے خاتمے کا کوئی منصوبہ نہیں۔کراچی سے خیبر تک مہنگائی کیخلاف پی پی پی کی ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں میں عوام کی مثالی شرکت نے عمران خان کی جعلی مقبولیت کی پول کھول دی ہے۔

ہفتہ کو ضلع سیالکوٹ میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان عوام کے نمائندے نہیں بلکہ بجلی، تیل ،ایل این جی مافیاز کیلئے کام کر رہے ہیں ، عوام کے نمائندے ملک کے گلی محلوں میں رہنے والے لوگوں کو جوابدہ ہونے چاہئیں نہ کہ کسی اور کو، وہ عوام کیلئے حکمرانی کریں،آئین کی سربلندی کیلئے سیاست کریں۔ 

انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ جس ڈاکو چور نے پوری زندگی عوام کی جیبوں میں ہاتھ ڈال کر پیسہ نکالا ہو وہ عوام کو کیا دے گا۔امیرمرکزی جمعیت اہلحدیث سنیٹر ساجد میر نے بھی حکومت کی ناقص معاشی پالیسوں کو ہدف بناتے ہوئے مہنگائی کی فوری روک تھام کا مطالبہ کیا۔ 

اس موقع ن لیگ کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ خواتین نے ہاتھوں میں برتن اٹھا رکھے تھے جن کو بجا کر وہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہی تھی۔ سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں احتجاج کے دوران حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور مہنگائی کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مہنگائی کیخلاف احتجاج کی کال پر سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقوں شہر اور موضع ہلال پور میں مہنگائی کیخلاف مین شاہراہ پر احتجاجی مظاہرین کیا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا، اور دیگر نے کہا کہ مہنگائی ، غربت، بے روزگاری اور دیگر مسائل میں اضافہ سے لوگ فاقہ کشی کے بعد خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ 

ریلی ن لیگ کے زیر اہتمام نکالی گئی جو کہ ایوب چوک جھنگ سے شروع ہوئی اور پریس کلب پہنچ کر ختم ہو گئی۔بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روز گاری اور بد امنی کے خلاف ضلعی دفتر پاکپتن میں جماعت اسلامی نے کچہری روڈ پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا جس میںذمہ داران نے شرکت کی۔ 

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے، جے آئی یوتھ چیچہ وطنی کے زیر اہتمام "مار گئی مہنگائی احتجاجی ریلی" نکالی گئی۔ریلی میں موجود شرکاء نے بلوچستان سے سائیکل پر آئے ہوئے ولی خان جو کے مہنگائی کے خلاف احتجاج میں 31 اکتوبر کو اسلام آباد شریک ہونے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین