پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاورمیں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کر تے ہوئے ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے پر پشتخرہ روڈ، باڑہ روڈ اور دیگر علاقوں سے 14 شیر فروشوں کو گرفتارکر تے ہوئے 130 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خا لد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اعزاز احمد نے محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرینری ڈاکٹر جمال اور سپر وائزہ نعیم الحسن کے ہمراہ پشتخرہ روڈ، باڑہ روڈ اور دیگر علاقوں میں شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا لائیو سٹاک کی جدیدموبائل لیبارٹری کے ذریعے تجزیہ کیا۔لیبارٹری رپورٹ میں دودھ میں پانی کی وافر مقدارکی ملاوٹ ثابت ہونے پر 14 شیرفروشوں کو گرفتار کرکے 130 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاورنے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں شیرفروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کر نے کا حکم دیا ہے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر سخت قانونی کاروائی کی ہدایت کی ہے۔جبکہ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔