پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی سے دبئی میں نیٹ پریکٹس کے دوران ان کے شہر کے مداحوں نے ملاقات کی تو شاہ نواز نے بھی مداحوں کی باتوں کا جواب بڑی محبت کے ساتھ دیا۔
شاہ نواز دھانی صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کے قریب واقع ایک گاؤں کھو آوڑ خان دھانی سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے بڑی محنت سے کرکٹ کی دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے۔
شاہ نواز دھانی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آج کل دبئی میں آئی سی سی انٹر نیشنل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کے لیے موجود ہیں۔
ایسے میں شاہ نواز دھانی سے دبئی میں اسٹیڈیم کے اندر پریکٹس کے دوران لاڑکانہ سے آئے ہوئے مداحوں نے شاہ نواز دھانی کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
شاہ نواز دھانی پریکٹس سیشن کے دوران جب باؤنڈری لائن کے پاس آئے تو پویلین میں موجود کچھ تماشائیوں نے سندھی زبان میں شاہ نواز دھانی کو آوازیں لگانا شروع کردیں، مداحوں نے شاہ نواز سے پوچھا کہ آپ کا کیا حال ہے جس پر دھانی نے کہا کہ میں ٹھیک ہوں، آپ کیسے ہیں۔
فاسٹ بولر نے اپنے مداحوں سے پوچھا آپ لوگ کہاں سے آئے ہیں جس پر مداحوں نے کہا کہ ہم لوگ لاڑکانہ سے آئے ہیں اس کے جواب میں شاہ نواز دھانی نے کہا کہ میں بھی لاڑکانہ سے ہی تعلق رکھتا ہوں، یہ جواب سن کر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔