• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم، بابراعظم بھارت کو 2 اعظم ہمیشہ یاد رہیں گے، شعیب اختر

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ قائداعظم اور بابراعظم بھارت کو یہ دو اعظم ہمیشہ یاد رہیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کو جتوانے میں سب سے بڑا کردار بھارتی میڈیا نے ادا کیا، جو اپنے کھلاڑیوں پر بہت دباؤ ڈالتا ہے اور بہت ہی اوور ری ایکٹ کرتا ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک بھارت سے بہت بہتر ہے، شرجیل کو بھی لے جاتے تو تباہی ہوجاتی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کرکٹ کو مذاق بنادیا ہے، ہم بڑی بڑی باتیں نہیں کرتے، ہم بڑھکیں نہیں مارتے، میں نے انہیں بار بار کہا تھا، 24 اکتوبر یاد رکھنا۔

شعیب اختر نے کہا کہ ویرات کوہلی جب ٹاس ہارا تو اس کا منہ اترگیا تھا، بھارتی کپتان کو چاہیے تھا کہ وہ چارج لیتا، لیکن اس نے نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو دو اعظم ہمیشہ یاد رہیں گے ایک قائد اعظم اور دوسرا بابراعظم، کل میچ میں پاکستان نےثابت کردیا کہ وہ ورلڈ چیمپئن ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ باقی ٹیمیں بکھری ہوئی ہیں، پاکستان کے پاس متوازن ٹیم ہے، محمد رضوان چکروردی کو جس انداز سے کھیل رہا تھا، بھارتی بولر کو چکر آگئے تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا میں محمد شامی کے خلاف بات سن کر بہت افسوس ہوا، ہمیں یاد ہے اظہر الدین بھارتی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ ہمیں نیوزی لینڈ پر زیادہ غصہ ہے، ہمیں تو کل کا میچ بھی جیتنا ہے، کیوی ٹیم اسپنرز کو اچھا نہیں کھیل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کل کے میچ میں بال صحیح طرح سے بلے پر نہیں آئے گی، اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کل ٹاس جیتے اور میچ بھی جیتے۔

تازہ ترین