• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان کا چینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ


وزیرِ اعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس کے دوران انہوں نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب پر صدر شی کو مبارک باد پیش کی ہے۔

وزیرِ اعظم آفس کے مطابق چینی صدر سے گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے غربت کے خاتمے کی جنگ میں بے مثال فتح، اصلاحات اور چین کی شاندار ترقی کو سراہا۔

پاک چین رہنماؤں نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، علاقائی اور بین الاقوامی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وباء کے خلاف چین کے اقدامات کی تعریف کی، ترقی پذیر ممالک کے لیے چین کی انسدادِ کورونا امداد اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدام کو سراہا۔

پاک چین رہنماؤں میں مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا، افغانستان کی تازہ صورتِ حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کرنی ہو گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کو جلد دورۂ پاکستان کی دعوت دی۔

گفتگو کے دوران پاک چین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے سی پیک کے تحت بننے والے منصوبے کے معیار اور بر وقت تکمیل کو سراہا۔

انہوں نے سی پیک میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور چینی صدر کو بتایا کہ ایم ایل 1 منصوبے کا جلد آغاز پاکستان جیو اکنامکس ویژن کی تکمیل کرے گا۔

تازہ ترین