• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل ندیم ISI چیف، نوٹیفکیشن جاری، وزارت دفاع کی سمری میں نامزد تمام افسروں کے وزیراعظم نے انٹرویو کئے، ترجمان پی ایم آفس

جنرل ندیم ISI چیف، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)وزیراعظم آفس کی جانب سے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے طور پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا‘ وہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیں گے ، جس کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا۔ 

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے سمری دیکھی اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی بطور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کے سیکریٹری اعظم خان کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سمری کے چھٹے پیراگراف میں دیے گئے افسران کے پینل کو وزیراعظم نے دیکھا اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔مزید کہا گیا کہ نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا۔ 

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ آئی ایس آئی کے موجودہ ڈی جی 19 نومبر تک بطور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ یہ نوٹیفکیشن آئی ایس پی آر کے اعلان کے 20 روز کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

وزارت دفاع کی سمری میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم، چیف آف لاجسٹک اسٹاف جی ایچ کیو لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک اور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے نام آئی ایس آئی کے سربراہ کی تعیناتی کے لیے تجویز کیے گئے تھے۔ 

ذرائع کے مطابق اس سے قبل وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدگی میں ملاقات کی تھی۔بعد میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں شامل ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو ملاقات کی اور تفصیلی مشاورتی عمل کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی جو 20 نومبر 2021ء کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ 

وزیراعظم آفس کےترجمان کے مطابق یہ ملاقات آئی ایس آئی میں کمان کی تبدیلی کے وقت اور نئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے انتخاب سے متعلق وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف کے درمیان جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔ اس عمل کے دوران وزارت دفاع سے افسران کی ایک فہرست موصول ہوئی۔ وزیراعظم نے تمام نامزد افسران کا انٹرویو کیا۔ 

وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف کے درمیان مشاورت کا حتمی دور منگل کو ہوا۔ تفصیلی مشاورتی عمل کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین