کوئٹہ( پ ر) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں جمعیت علماء اسلام، پشتو نخوا ملی عوامی پارٹی،بلوچستان نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ن ،جمعیت اہلحدیث اور قومی وطن پارٹی کے ضلعی قائدین کا نمائندہ مشاورتی اجلاس ضلعی جنرل سیکرٹری جمعیت حاجی بشیر احمد کاکڑ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے قائدین کی احتجاجی کال پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں 28 اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام احتجاجی ریلی اور جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں جمعیت کے حاجی قاسم خان خلجی ،مولوی جمال الدین حقانی ،پشتونخوامیپ کے ضلعی ڈپٹی معاون سیکرٹری ندا سنگر ،بی این پی ضلع کوئٹہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ، سینئر رہنما پرنس رزاق بلوچ ،مسلم لیگ ن کے سٹی صدر بسم اللہ اچکزئی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ضلعی صدر مولانا محمد زکریا ذاکر ،مولانا حزب اللہ عثمانی اور قومی وطن پارٹی کے روح اللہ داوی ودیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر پی ڈی ایم کے ضلعی قائدین نے کوئٹہ کے عوامی مسائل ومشکلات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ 28 اکتوبر کے جلسے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کوئٹہ کے عوام، تاجر برادری، وکلاء سمیت تمام ٹریڈ یونینز سے اپیل کی کہ موجودہ کمر توڑ مہنگائی اور حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف 28 اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرہ و جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔