پشاور(نمائندہ جنگ )پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصررشید نے کہا ہے کہ سیاحت کافروغ اچھی بات ہے لیکن ماحول متاثرنہیں ہوناچاہییے ، دریا سوات کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، اس کو ٹھیک کریں، گلیات میں عمارتیں بن رہی ہیں ،ایسانہ ہو سیوریج جنگل میں جا کر ما حول کو متاثر کرے، کرپٹ افسران کی وجہ سے ہر کام خراب ہے،منظور نظر افراد کے ساتھ رعایت کریں گے تو پھر مسائل ہونگے یہ ریمارکس فاضل چیف جسٹس نے گلیات میں غیر قانونی تعمیرات اور دریاؤں کے کنارے تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دئیے۔ ڈی جی گلیات نے عدالت کو بتایا کہ گلیات میں جہاں پر بھی سیوریج یا پانی کے پائپ خراب ہیں ان پر جرمانہ عائد کررہے ہیں ۔گورنر ہاؤس،ا سپیکر ہاؤس کے سیوریج پائپ خراب تھے ان کو بھی جرمانہ کیا گیاہے جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ بہت اچھا کیا ہے جوڈیشری بھی کوئی خلاف وزری کرے تو ان کو بھی جرمانہ کریں ڈی جی گلیات نے بتایا کہ جوڈیشری کو بھی خلاف وزری پر جرمانہ کیا ہے جو بھی خلاف وزری کرتے ہیں ان کو نہیں چھوڑتے۔