• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی حکومت کے پاس بہتری لانے کا کوئی منصوبہ نہیں، سراج الحق

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے پاس بہتری لانے کا کوئی منصوبہ نہیں، باطلانہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا اور ملک کو اسلام کا گہوارہ بنانا جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد ہے۔ ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے، مگر حوصلہ اور ہمت جوان ہے۔ وہ لوگ جو ظالموں کا ساتھ دیتے ہیں، یہ توقع مت رکھیں کہ قیامت کے روز اللّٰہ کے برگزیدہ بندوں کی صف میں کھڑے ہوں گے۔ فرعونیت، نمرودیت اور یزیدیت کسی فرد کی نہیں سوچ کا نام ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا، مگر یہاں سودی معیشت چل رہی ہے۔ ہمارا نظام تعلیم، ہماری عدالتیں، ہمارے بنک مغربی نظام کو اپنائے ہوئے ہیں۔ تحریک اسلامی کے کارکنان نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاجماعت اسلامی انسانوں کی دنیا و آخرت میں بھلائی چاہتی ہے انھوں نے حضورپاکؐ کے صحابہؓ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ان برگزیدہ ہستیوں نے جدوجہد جاری رکھی اور یہ ان کی محنت کا نتیجہ تھا کہ آج دنیا کی بڑی آبادی اسلام کے نور سے منور ہے۔ سراج الحق نے کہا پی ٹی آئی کے پاس ملک میں بہتری لانے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

تازہ ترین