• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کوترقی یافتہ دارالحکومتوں جیسا مثالی بنائینگے، جنرل(ر)احسان الحق

اسلام آباد(خبر نگار ) فیڈرل کیپٹل اسلام آبادکی خوبصورتی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے قائم کیپیٹل سٹیزن فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقادبدھ کو مقامی ہوٹل میں ہوا۔ وفاقی وزیربرائے پرائیویٹائزیشن اور سابق وزیراعظم محمد میاں سومرونے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کیپٹل سٹیزن فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا کہ کیپیٹل سٹیزن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور گورننگ باڈی میں جنرل(ر)احسان الحق، ڈاکٹر محمد امجد، کنور محمد دلشاد، کامران لاشاری،شعیب سڈل، حبیب الرحمان خان،جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر محمود جمال، ملک قمرافضل ، ملک رحیم اعوان سعید احمد خان،میجرجنرل(ر)راشد قریشی، سمیرا حمید، چوہدری محمد علی،ڈاکٹر حسن سروش اور زوہیب امجد شامل ہیں۔ کیپیٹل سٹیزن فاؤنڈیشن کے چیئرمین جنرل(ر)احسان الحق نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے دارالحکومتوں کی طرح اسلام آباد کو ترقی یافتہ اور خوبصورت بنانا ان کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیمینار کا انعقاد کریں گے جہاں دنیا کے خوبصورت شہروں کے میئرز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے ان کے تجربات سے استفادہ کیاجا سکے۔ہاوسنگ سوسائٹیوں کی طرف سے قانون پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے اسلام آباد کا ماسٹر پلان بری طرح سے متاثرہورہا ہے۔شہر کو سرسبزوشاداب، خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لئے بہترین منصوبہ بندی اور اس کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی ایسی ٹیم ہے جو اپنے اپنے شعبے میں کمال مہارت دکھا چکے ہیں۔یہ سب لوگ اعزازی طور پر اسلام آباد اور اس کے شہریوں کی خدمت کا جذبہ لے کر ہمارے ساتھ آئے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم مکمل طور پر غیرسیاسی اور فلاحی ہے۔تقریب سے حبیب الرحمان خان نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر ارشد داد اور سینٹ کے لیڈر ان ہاؤس ڈاکٹر شہزاد وسیم سمیت اسلام آباد بھر سے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین