لاہور (نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کےسالانہ انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ(عاصمہ جہانگیر گروپ) نے میدان مار لیا،سینئر قانون دان احسن بھون 629 ووٹوں کی واضح برتری سےسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرمنتخب ہوگئے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق احسن بھون نے1548 ووٹ جبکہ انکے مدمقابل حامد خان گروپ و پیپلزپارٹی کے حمایت یافتہ لطیف کھوسہ 920 ووٹ حاصل کرسکے۔
نومنتخب صدر نے کہا کہ نظریہ جیت گیا،جمہوری فلسفے پریقین، کسی غیرآئینی عمل کی حمایت نہیں کرینگے،۔ پنجاب سے خاور اکرام بھٹی نائب صدر جبکہ وسیم ممتاز ملک سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے نو منتخب صدر احسن بھون اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑکو فون کرکے کامیابی پر مبارکباد دی۔ نواز شریف نے کہا آئین کی پاسداری کیلئے ڈٹے رہنےآپ کااول مقصد ہونا چاہیے۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب صدر احسن بھون نے کہا ایک بار پھر عاصمہ جہانگیر کا نظریہ جیت گیا، 12 سالوں میں 10 ویں بار انڈیپنڈنٹ گروپ کو واضح فتح حاصل ہوئی ،ہم جمہوری فلسفے پر یقین رکھتے ہیں اور کسی قسم کی غیر آئینی عمل کی حمایت نہیں کریں گے،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاآج ہمارے گروپ نے جیت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جسے سالوں تک توڑا نہیں جاسکے گا۔
نومنتخب صدر احسن بھون کو سینئر قانون دانوں علی ظفر، عابد ساقی ، اظہرصدیق،ظفر کلانوری و دیگران کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ 12 میں سے 9 شہروں میں احسن بھون فاتح رہے جبکہ کراچی ، کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں لطیف کھوسہ جیتے۔