• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI حکومت نے مہنگائی، بیروزگاری، معاشی تباہی کی تاریخ بنالی، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہاکہ PTIحکومت نے مہنگائی، بیروزگاری ،معاشی تباہیاوریو ٹرنز کی تاریخ بنالی، چینی ،آٹا بحران،LNG اور پٹرول سکینڈلز سے قومی خزانے کو 500ارب کا نقصان پہنچا، پٹرول95سے 138،ڈالر 123سے173 روپے تک پہنچ گیا، ہر شعبے میں بدترین گورننس ہے۔ سراج الحق نے پی ٹی آئی حکومت کی سوا 3سالہ کارکردگی پر منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائٹ پیپر قوم کے سامنے رکھ دیا، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی ان کے ہمراہ تھے،11صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر میں بتایا گیا کہ حکومت نے گزشتہ 38ماہ میں کس طرح بیڈ گورننس، وعدہ خلافیوں، ناکام خارجہ پالیسی، بدامنی، زراعت و صنعت کی تباہی، قومی اداروں کی تضحیک اور زوال، پارلیمنٹ کی بے توقیری کی تاریخ رقم کی، پی ٹی آئی کے دور میں سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا نہ صرف تسلسل رہا بلکہ کئی شعبوں میں مزید تباہی آئی اور ملک دہائیاں پیچھے چلا گیا، بیرونی قرضوں میں گزشتہ 38ماہ میں 27ارب ڈالر کا اضافہ ہوا،بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ساڑھے 5روپے کا اضافہ ہوا،کپاس کی پیداوار 1.4کروڑ گانٹھوں سے 56لاکھ گانٹھوں تک پہنچ چکی ہے،ملک میں 24فیصدپڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ 70لاکھ منشیات کی لعنت میں مبتلا ہیں، حکومت نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا کوئی پروگرام متعارف نہیں کرایا، ماحولیاتی آلودگی کی عالمی درجہ بندی کے مطابق 180ممالک میں پاکستان 140 ویں نمبر پر ہے، کراچی، لاہور، ملتان، حیدرآباد، پشاور سمیت بڑے شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں،اس حکومت نے 12دفعہ ادویات کی قیمتیں بڑھائیں، ملک میں 37لاکھ بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں، حکومت کی 3سالہ کارکردگی مختصر کلام ناکام، ناکام اور ناکام ہے۔

تازہ ترین