پشاور (نمائندہ جنگ)کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پشاور نے کالعدم دہشت گرد تنظیموں القاعدہ اور داعش کے خلاف ضلع خیبر میں کارروائی کرتے ہوئے پشاور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا اور 4دہشتگردگرفتار کرلئے گئے ،پہاڑی غارایسار مزرینہ سلطان خیل لنڈی کوتل سے مشترکہ آپریشن میں گرفتار دہشت گردوں کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پشاور ریجن کوخفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں القاعدہ اور داعش نے بمقام پہاڑی غارایسار مزرینہ سلطان خیل لنڈی کوتل ضلع خیبر میں بھاری ہتھیارو بارودی مواد دہشتگردانہ کارروائیوں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانےکی خاطر ذخیرہ کئے ہیں، اور کسی بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔ کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پشاور کی سپیشل چھاپہ مارٹیموں اور سیکورٹی فورسز نے کالعدم دہشتگرد تنظیموں القاعدہ اور داعش کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے آپریشن کالعدم دہشتگرد تنظیموں القاعدہ اور داعش کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔سی ٹی ڈی پشاور نے انسداد دہشتگردی ایکٹ سال 1997کے تحت گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کے لئے ٹیم مقرر کردی ۔ گرفتار دہشتگردوں کےتفتیش جاری ہے۔