• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ پی ٹی آئی ‘‘ حکومت برسراقتدار آئی تو بہت سے دیگر اعلانات کی طرح پنجاب حکومت نے بسنت پر عائد پابندی ختم کرنے اور فروری 2019ء میں بسنت منانے کا اعلان کیا لیکن افسوس ’’ پی ٹی آئی ‘‘ کے بیشمار دیگر وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی ایفا نہ ہوا اور اعلان سے آگے نہ بڑھ سکا ۔ پابندیوں سے پہلے آخری بار پھیکے انداز میں کوئی گیارہ سال پہلے بسنت منائی گئی جبکہ اس سے پہلے یہ تہوار پوری دھوم دھام سے منایا جاتا تھا آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سج جاتا لیکن بعض خرافات اور ناہنجار لوگوں کی وجہ سے حکومت نے بسنت کے تہوار پر پابندی عائد کر دی حالانکہ حکومتیں تہواروں پر پابندی نہیں لگاتیں بلکہ نادر ست طور طریقوں کا قلع قمع کرکے انہیں محفوظ بناتی ہیں لیکن افسوس کہ ’’ پی آئی ٹی ‘‘ اور اس سے پہلے ’’ پاکستان مسلم لیگ ن ‘‘ کی حکومت نے بھی بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرنے یا رٹ قائم کرنے کے جان چھڑائی اور بہار کے نقیب اس خوب صورت تہوار پر پابندی لگا کر قومی خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اس کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کے روز گار کو بھی زک پہنچائی ۔ مجھ سمیت بیرون ملک آباد لاکھوں پاکستانی گواہ ہیں کہ فروری آنے سے پہلے ہی پوری دُنیا میں مقیم پاکستانی لاہور اور پاکستان کے دیگر شہروں میں آتے تھے صرف بسنت منانے کیلئے بلکہ یہ تہوار ایک دوسرے سے میل ملاپ اور خوشیاں منانے کیلئے بھی انتہائی اہم تھا ۔ ’’ لاہور کلب یوکے ‘‘ برطانیہ میں مقیم لاہوریوں کا ایک معروف ثقافتی کلب ہے ۔ کورونا وائرس کی پابندیوں کے سبب دو سال بعد گزشتہ ہفتے مغربی لندن میں اس ’ کلب ‘ کے چیئرمین ممتاز بزنس مین سلطان حیات کی صدارت میں ایک تقریب منعقد ہوئی اس موقع پر بڑی تعداد میں لاہوریوں اور دیگر شہروں کے پاکستانیوں نے حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ بسنت کو فی الفور بحال کیا جائے اورحکومت دھاتی یا کیمیکل لگی ڈور بنانے اور بیچنے والوں کا محاسبہ کرے تا کہ بے قصور قیمتی انسانی جانوں کے آئے روز ہونے والے نقصان سے بچا جا سکے تقریب کے شرکا، کا کہنا تھا کہ برصغیر میں سینکڑوں سال سے یہ تہوار بہار کا موسم شروع ہونے کی خوشی میں منایا جاتا ہے ہم خود اپنے بچپن و جوانی میں پتنگ اڑاتے تھے لیکن کبھی ڈور سے کسی کی جان نہیں گئی تھی ۔ لیکن گزشتہ تقریباً بارہ سال سے آتی جاتی حکومتوں کی عدم توجہ اور غلط فیصلے کے باعث اس ثقافتی تہوار کی رنگینیاں ماند پڑ چکی ہیں حالانکہ کوئی دور تھا کہ پاکستان خصوصاً لاہور میں پتنگ بازی لازم و ملزوم اور بسنت باقاعدہ ایک صنعت کا درجہ اختیار کرچکی تھی جبکہ بسنت سے منسلک کئی دیگر کاروبار بھی عروج پر تھے ، موجودہ وزیر اعظم عمران خان خود اندرون لاہور میاں صلاح الدین کی حویلی پر پتنگ بازی کرتے رہے ہیں لیکن افسوس کہ انہی کی حکومت نے 2009ء میں پتنگ بازی کی ممانعت کا قانون منظور کروا لیا، سوال یہ ہے کیا یہ حکومت کی نا اہلی اوررٹ کی کمزوری نہیں ہے کہ مسئلے کا حل نکالنے کی بجائے اچھے بھلے ایک تہوار پر پابندی لگائی اور ہاتھ جھاڑ کر بیٹھ گئی ،تو پھر آپ کی یہ پولیس فورس و دیگر ایجنسیاں کس کام کی ہیں اگر وہ ہوائی فائرنگ ، دھاتی ڈور بنانے اور بیچنے والوں کے اڈے بند نہیں کروا سکتے ؟کیا حکومت کو اندازہ نہیں کہ 2009ء میںجب آخری بسنت منائی گئی تھی تو تقریباً دو ارب کا کاروبار ہوا تھا ، قومی ائیر لائن ’’ پی آئی اے ‘‘ کا منافع اس سے علیحدہ ہے۔ بعض قدامت پرست دور کی کوڑی یہ لاتے ہیں کہ بسنت ہندوئوں کا تہوار ہے انکی یہ بات کسی حد تک درست بھی ہے کیونکہ بسنت پنچمی ہندوؤں کی سرسروتی دیوی کا دن بھی ہے جسے آرٹ و موسیقی کی دیوی کہا جاتا ہے چنانچہ ہندو اس روز خوشی مناتے ہیں،لیکن یہ بھی سچ ہے کہ تقسیم ہند سے پہلے سارا ہندوستان بسنت مناتا تھا کیونکہ موسم بہار آتے ہی فصلیں پک کر تیار ہو جاتی تھیں اور کسان خوشیاں مناتے چنانچہ یہ کسان ہندو بھی تھے ، سکھ،مسلمان اوردیگر تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھی ۔ صحافی اور سابق سفیر حسین حقانی نے اس قسم کی سوچ پر کیا خوب دلیل دی ہے کہ ’’بسنت اگر ہندوؤں کا اور ویلنٹائن ڈے عیسائیوں کا تہوار ہے تو کرکٹ کیا محمد بن قاسم نے شروع کی تھی ‘‘ کسی دوسرے نے کہا کہ اگر ویلنٹائن کا مطلب سچی محبت ہے تو پاکستان میرا ویلنٹائن ہے !بسنت کے ضمن میں حضرت نظام الدین اولیا ؒ سے متعلق بھی ایک روایت یوں ہے کہ ایک دفعہ وہ کسی وجہ سے ملول تھے اورحضرت امیر خسرو ؒ حضرت نظام الدین اولیا کو خوش کرنے کی کوئی تجویز ڈھونڈ رہے تھے ،اسی دوران انہیں کچھ کسان دکھائی دیئے جو بسنت منانے جا رہے تھے امیر خسرو نے بھی ان کسانوں کی دیکھا دیکھی اپنی پگڑی میں سرسوں کے پیلے پھول اُڑیسے اور گاتے ہوئے حضرت نظام الدین اولیا کے آستانے کی طرف چل دئیے اس وقت انہوں نے جو گیت گایا وہ کچھ اس طرح ہے کہ’’ آج رنگ ہے ری ماں رنگ ہے ری میرے محبوب کے گھر رنگ ہے ری‘‘۔ روایت یہ بھی ہے کہ جب حضرت نظام الدین اولیا ؒ کا مزاج بہتر ہو ا تو اس کے بعد ہندوستان میں بسنت کا تہوار باقاعدگی سے منایا جانے لگا۔غرضیکہ بسنت برصغیر پاک و ہند میں موسم بہار کی آمد کے موقع پر منایا جاتا ہے “آئی بسنت پالا اُڑنت” مطلب ، بسنت یا بہار آ اور سردی جا رہی ہے یہ لوگوں کا ایک طرح سے اظہار خوشی ہوتا ہے یہ کوئی مذہبی تہوار نہیں اسے کلچرل یا موسمی تہوار کہا جا سکتا ہے۔ ضرورت صر ف اس امر کی ہے کہ حکومت اس تہوار میں درآنے والے غلط اور غیر ضروری معاملات کو سختی سے کنٹرول کرے ۔ اس ضمن میں ’’ لاہور کلب یوکے ‘‘ کے چیئرمین سلطان حیات نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ اوور سیز پاکستانیوں کی طرف سے دی گئی تجاویز اور سفارشات لے کر پاکستان جائیں گے اور ڈسکریشن پاور رکھنے والے تمام حکومتی اداروں کے ذمہ داروں سے ملاقاتیں کرکے کوشش کریں گے کہ انہیں قائل کریں تا کہ نہ صرف بسنت بلکہ لاہور میں ختم ہوتی ہوئی کئی دیگر روایتی سرگرمیوں کو بھی بحال کیا جائے جو کبھی لاہور کی پہچان ہوا کرتی تھیں اس ’ پاکستان کے دل ‘‘ کی تاریخی عمارتوں اور بارہ دروازوں کے اندر پرانے لاہور کی خراب ہوتی ہوئی نا گفتہ بہ حالت کی طرف بھی فی الفور توجہ دی جائے اس شہر کے ورثہ کو بھی محفوظ کیا جائے اور لاہور کے گرد موجود باقی ماندہ دیہاتی ماحول کو بھی ختم ہونے سے بچایا جائے اسکے ساتھ ساتھ لاہور کی خدمت کرنے والے ماضی کے ان ہیروز کا دن منانے کی طرف بھی توجہ دی جائے جنہوں نے اس شہر کو بنانے کیلئے ہر قسم کا تعاون و خدمات انجام دیں خواہ ان کاتعلق کسی بھی مذہب یا عقیدے سے کیوں نہ ہو !!اس ضمن میں مومن خان مومن دہلوی کی غزل کے د و اشعار،

یہ کس کے زرد چہرے کا اب دھیان بندھ گیا

میری نظر میں پھرتی ہے آٹھوں پہر بسنت...

آوارگی ہے باعث ِ نشوونما کہ دیکھ

سرسبز جب ہوئی کہ پھری در بدر بسنت

تازہ ترین