لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو کیس نیب نے بنایا وہی ایف آئی اے نے بنا دیا ہے۔
میرے خلاف جھوٹ پر مبنی کیسز بنائے گئے ہیں، حکمران آج تک سیاسی انتقامی کاروائیوں کے علاوہ کچھ نہیں کر سکے، کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات ہی مسئلے کا بہترین حل ہے۔
بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کہا کہ ایک سال ہو گیا ایف آئی نے دو بار تفتیش کی ، ایف آئی اے نے میرے بیٹے سے بھی جیل میں تفتیش کی، ایف آئی اے اب ایک ماہ میں کیا رپورٹ بنا کر پیش کریگا، ہمیں اللہ کی ذات پر بھروسہ ہے وہ انصاف کریگا۔
کالعدم جماعت کے احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ اتنی جانیں ضائع ہوئیں،مذاکرات ہی بہترین حل ہے، اللہ تعالی پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔