افغانستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر راشد خان کا کہنا ہے کہ اصغر افغان کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے اصغر افغان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ اصغر افغان کی خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
راشد خان نے لکھا کہ ’لیجنڈری اصغر افغان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو قبول کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے، وہ مجھ سمیت موجودہ تمام نوجوانوں کے لیے رہنما رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ افغان کرکٹ بورڈ کے لیے ان کی مثالی خدمات کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
راشد خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ٹیم میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔
واضح رہے کہ اتوار کو ابوظبی میں نمیبیا کے خلاف اپنے آخری انٹر نیشنل میچ میں اصغر افغان نے 23 گیندوں پر31 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔
اصغر افغان نے 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 1382رنز بنائے جبکہ 114ون ڈے میچز میں 2 ہزار 424 رنز بنائے۔