لا ہو ر ( جنگ نیو ز ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف گزشتہ روز ڈیفنس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ ”گیلانی ہاؤس“ گئے اور انہیں اور اہل خانہ کو بیٹے علی حیدر گیلانی کی 3 برس بعد بحفاظت بازیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ کا بیٹا آپ کو بحفاظت ملا ہے۔ آپ کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مجھے دلی خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سید علی حیدر گیلانی کو گلے لگا کر مبارکباد دی اور کہا کہ قوم کی دعاؤں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ بحفاظت اپنے خاندان کے پاس پہنچے ہیں اور یہ بڑی مسرت کی بات ہے اور آپ کی بازیابی سے گیلانی خاندان کی خوشیاں لوٹ آئی ہیں اور علی حیدر گیلانی کی بحفاظت بازیابی سے نہ صرف گیلانی خاندان بلکہ پوری قوم کو خوشی ہوئی ہے اور یقینا یہ ایک بڑی اچھی خبر ہے ۔ اس موقع پر عبدالقادر گیلانی اور موسیٰ گیلانی بھی موجود تھے،دریں اثنا ئ وزیر اعلی پنجاب شہباز شر یف نے اجلا س سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ہما رے ملکپاکستان میں وسائل نہیں،دیانتداری سے کام کرنے کی کمی ہے،پاکستان کو لوٹ کھسوٹ نے غریب کیا،ہڑتال ڈاکٹرز کے پیشے سے مطابقت نہیں رکھتی، ہیلتھ کیئر میں بہتری ہماری ترجیح ہے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر اجمل چوہدری کی قیادت میں ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے اور ہیلتھ کیئر کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، اصل مسئلہ دیانت ، محنت اور عزم کی کمی کا ہے،اگر تمام وسائل صحیح معنوں میں عوام پر صرف کئے جائیں تو معاشرے کی حالت بدل جائے۔ طبی شعبے کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل پہلے بھی دیئے اور آئندہ بھی نچھاور کریں گے لیکن شعبہ طب سے وابستہ افراد، سیاستدانوں اور افسرشاہی کو مل کر اپنے فرائض سرانجام دینا ہوں گے،ڈاکٹرز کو حقیقی معنوں میں مسیحا کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔