• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم تنظیم کیساتھ فرانسیسی سفیر کے معاہدے پر قائم ہوں: شیخ رشید

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ فرانس کے سفیر کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے کے معاہدے پر قائم ہوں۔

لاہور میں ریسکیو ٹیم کی اقوامِ متحدہ سے سرٹیفکیشن کی دوسری سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے ٹی ایل پی کے ساتھ حالیہ معاہدے پر بات چیت کرنے سے منع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعد رضوی سے فرانسیسی سفیر کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے کا معاہدہ کراچی کی ایک مذہبی شخصیت کی ہدایت پر کیا تھا۔

وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ سعد رضوی فرانسیسی سفارت خانے کے معاملے پر قائم تھے، انہیں قائل کیا کہ معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے گا۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اس معاہدے پر آج بھی قائم ہوں، اسٹیبلشمنٹ سے کس کے معاملات طے ہو رہے ہیں، میں نہیں جانتا، البتہ یہ جانتا ہوں کہ عمران خان کی حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی۔

قبل ازیں شیخ رشید احمد ریسکیو اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ پہنچے تو ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے ریسکیورز کی فرضی مشقیں دیکھیں اور ریسکیورز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو سے اتنا متاثر تھا کہ عدالت میں قطری خط کو ڈبل ون ڈبل ٹو قرار دیا۔

وزیرِ داخلہ نے اسلام آباد میں ایمر جنسی سروس کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کا بھی اعلان کیا۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریلوے کی وزارت اچھی تھی، جب تک کوئی ٹرین نہیں گرتی تھی اس وقت تک کوئی کام نہیں تھا، محکمۂ داخلہ عجیب محکمہ ہے، ہر وقت کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے۔

تازہ ترین