ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان آج نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سامنے پیش ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضمانت پر رہا ہونے والے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو آج صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سامنے پیش ہونا پڑے گا تاکہ ایجنسی کے سامنے اپنی موجودگی کی نشاندہی کی جاسکے۔
یہ ان شرائط میں سے ایک تھی جو ممبئی ہائی کورٹ نے 23 سالہ نوجوان کو ضمانت دیتے ہوئے رکھی تھی، آریان خان کو 22 دن جیل میں گزارنے کے بعد 30 اکتوبر کو ممبئی آرتھر روڈ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔
ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔
اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔