وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ کے عوام آصف علی زرداری کی پارٹی سے تھک چکے ہیں۔
ملتان میں تقریب سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور وہ عمران خان کی راہ دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیڈ گورننس، کرپشن اور انتقامی سیاست کا سیاہ باب ختم ہوچکا، اپوزیشن کے پاس شور مچانے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عوام نے اپوزیشن کے احتجاجی جلسوں کو مسترد کردیا ہے، اپوزیشن بتائے، اس نے گزشتہ 30 برس میں عوام کو کونسا ریلیف دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو اندرون اور بیرون ملک بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کی خواہش ہے مہنگائی کو ایشو بناکر عوام کو سڑکوں پر لایا جائے، سابقہ ادوار کی بدترین معاشی پالیسیوں کے نتائج قوم اب بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام زرداری کی پارٹی سے تھک چکے ہیں اور تبدیلی کے لیے عمران خان کی راہ دیکھ رہے ہیں۔