• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی ماحولیاتی کانفرنس، عمران خان نہیں آئے!

سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ماحولیاتی تبدیلی کے سلسلہ میں کانفرنس 31اکتوبر سے شروع ہو چکی ہے یہ کانفرنس 12نومبر تک جاری رہے گی اسے COP 26 کا نام دیا گیا ہے لیکن حیرت ہے کہ پاکستان جسے ماحولیاتی آلودگی کے گو ناگوں مسائل کا سامنا ہے، جس کے کئی بڑے شہر دُنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہیں ، جس ملک کے سب سے بڑے اور معاشی حب کراچی کو آنے والے چایس سال میں مکمل طور پر زیر آب آنے بلکہ سمندر بُرد ہوجانے کا خطرہ ہو ، اور اس کانفرنس میں جہاں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ، امریکی صدر جوبائیڈن اور جاپان کے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے وزراء اعظم یا سربراہانِ حکومت موجود ہوں وہاں وزیراعظم عمران خان نے خود آنے کی بجائے ماحولیات کے وزیر ملک اسلم امین اور وزیر مملکت زر تاج گل کو بھیجنے پر اکتفا کیا اور وزیر مملکت بھی وہ جسے کووڈ 19کے مطلب کا بھی علم نہ ہو یا جس کی دانست میں ’’ پاکستان میں بارشیں بھی عمران خان کے وژن کی وجہ سے ہوتی ہیں ‘‘چنانچہ یہ موصوفہ وزیر صاحبہ اس اتنہائی اہم ترین کا نفرنس کے مندر جات سے کیا آگاہی حاصل کریں گی جس کانفرنس کے سٹیج پر بھارتی وزیر اعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے بغلگیر ہو رہے تھے ، اس عظیم اجتماع کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ملک کو پیرس معاہدے سے الگ کر لیا تھا کیونکہ ان کے مطابق یہ غیر منصفانہ تھا لیکن موجودہ صدر جوبائیڈن نے امریکہ کو دوبارہ اس معاہدے میں شامل کروالیا ۔ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت دُنیا کے سب سے اہم مسائل میں ایک ہے، دنیا بھر کے سائنسی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اگر ہمیں عالمی درجہ حرارت کو بڑھنے سے روکنا ہے تو حکومتوں کو گرین ہائوس گیسوں کے اخراج پر سختی سے قابو پانا ہو گا چنانچہ گلاسگو میں ہونے والی مذکورہ کانفرنس وہ موقع ہے جہاں تبدیلی کے امکانات متوقع ہیں، یہاں اس بات کے بھی قوی امکانات ہیں کہ امریکہ ، چین یا آلودگی پھیلانے والے دیگر ممالک اس کانفرنس میں اہم یاد داشتوں پر دستخط کریں گے اور غریب و ترقی پذیر ممالک کیلئے مالی امداد کے اعلانات بھی کریں گے جسے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم دو بلین ڈالر فنڈ کا اعلان کر بھی چکے ہیں جبکہ دیگر ممالک کے رہنما بھی ایسے اعلانات کریں گے ۔ حیرت انگیز اور افسوس ناک صورتحال یہ ہے کہ پاکستان کی حکومت کو ماحولیاتی آلودگی کے ضمن میں ابھی ابتدائی آگاہی بھی نہیں تو وہ اپنے عوام کو اس سلسلہ میں کیا بتائیں گے ۔ دوسری طرف امریکہ ، روس ، چین اور یورپ بھر کے ممالک آلودگی کو عالمی مسئلہ اور اس حالیہ ماحولیاتی کانفرنس کو ’’دنیا کی آخری اُمید ‘‘بتا رہے ہیں۔ اندازہ لگائیں کہ صرف کینیڈین حکومت ہی گزشتہ پانچ سال کے دوران اس سنگین مسئلہ پر 100ارب ڈالر خرچ کر چکی ہے ۔ حالیہ کانفرنس میں اُمید ہے کہ سینکڑوں بلین ڈالر مزید ماحولیاتی آلودگی کو روکنے اور اس معاملہ پر آگاہی دینے کیلئے مختص کئے جائیں گے ۔اس کانفرنس میں عالمی رہنماؤں نے 2030ء تک جنگلات کی تباہی کو روکنے کے معاہدے پر بھی دستخط کئے ہیں ان ممالک میں روس ، چین اور امریکہ بھی شامل ہیں امریکی صدر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ تیس سال میں اپنے ملک کو کاربن فری بنائیں گے اور ہوا ،شمسی توانائی و دیگر ماحول دوست منصوبوں پر عملدر آمد کیا جائیگا ۔ توقع ہے کہ ابتدائی طورپر اس منصوبے کیلئے تقریباً 12ارب ڈالر جمع کئے جائیں گے ۔ پاکستان کے وزیر اعظم کیلئے اس کانفرنس میں شمولیت اس لئے اہم اور ضروری تھی کہ عالمی ادارہ ’’ جرمن واچ‘‘ اپنی ایک مفصل رپورٹ میں واضح کر چکا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے ماہرین باضابطہ طور پر خبردار کر چکے ہیں کہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو پاکستان اور اس کے عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا لیکن کیا پاکستان کے عوام بلکہ حکومت کو اس صورتحال کی آگاہی ہے کہ 1999ء سے لیکر آج بیس سال کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کے جو ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں پاکستان ان میں پانچویں نمبر پر ہے چنانچہ افسوسناک صورتحال ہے کہ آتی جاتی حکومتوں نے اپنی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس اہم ترین مسئلے کو مسئلہ سمجھا ہی نہیں حالانکہ بین الاقوامی سمیت بعض ملکی ماہرین بھی خبردار کر چکے ہیں کہ عالمی حدت کیوجہ سے پاکستان کے شمال میں پگھلتے ہوئے گلیشئرز ملک کیلئے خطرے کی گھینٹی ہیں ،پاکستان کو اس وقت چار بڑے خطرات کا سامنا ہے ۔ گلیشئرز کا پگھلنا ، کوئلے کا بے تحاشہ استعمال ، اسموگ اور خشک سالی ، یقیناً یہی وجہ ہے کہ کئی ساحلی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی شروع ہو چکی ہے ، مثلاً اوماڑہ ، پسنی ، بدین ، ٹھٹھہ ، سجاول اور گودار سمیت کئی علاقے خالی ہو رہے ہیں ۔ جنگلات کی بے دردی سے کٹائی فی الفور رکنی چاہئے کیونکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستا ن کے تقریباً پچیس فیصد رقبے پر جنگلات ہونے چاہئیں لیکن المیہ یہ ہے کہ پاکستان میں جہاں پہلے ہی اس معیار سے انتہائی کم یعنی سات سے آٹھ فیصد رقبے پر جنگلات تھے اب کم ہو کر صرف پانچ فیصد رہ گئے ہیں ، سندھ جہاں کبھی ایک لاکھ 70ہزار ایکڑ پر جنگلات ہوا کرتے تھے اب صرف ستر ہزار ایکڑ ہو چکے ہیں ۔ یہ ماحولیاتی کانفرنس کیوں ہورہی ہے ؟مختصر لفظوں میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ انسانی سرگرمیوں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی آلودگی مثلاً نامیاتی ایندھن یعنی گیس یا کوئلے کے استعمال کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی گیسوں کے اخراج پر قابو پانے کیلئے دنیا کی تمام حکومتوں میں باہمی اتفاق اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کرنے کیلئے یہ کانفرنس ضروری تھی کیونکہ یہاں اس بات پر غور اور عہد کیا جائیگا کہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی درجہ حرارت جو بتدریج بڑھ رہا ہے اسے ڈیڑھ سینٹی گریڈ تک محدود رکھا جائے ۔ وزیر اعظم عمران خان کو چند روز پہلے شہزادہ چارلس نے بھی فون کرکے گلاسگو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے کئی ماہ پہلے کہا گیا تھا کہ متوقع طورپر وزیراعظم اس کانفرنس میں شرکت کریں گے وہ کیوں شامل نہیں ہوئے اور انہوں نے اس اہم کانفرنس میں آنے کی ضرورت محسوس کیوں نہیں کی یا خود یہاں آنا کیوں ملتوی کیا ؟اس ساری ’ جمع تفریق ‘ اور اتمام ِ حجت کا میرے استفسار پر انتہائی مختصر جواب لندن میں پاکستان ہائی کمشن کا یوں ہے کہ جناب ! وزیر اعظم کا یہ دورہ تو شیڈول ہی نہیں ہوا تھا لہٰذا اس کے ملتوی ہونے کا کیا مطلب !

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ پر رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین