مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عمران خان استعفیٰ دے کر قانون کا سامنا کریں۔
نون لیگ کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار بھی لوٹنے اور چھیننے کی کوشش ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ووٹ چوری ثابت ہو چکی، عمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے؟ عمران نیازی صاحب طاقتور ہیں، لائیں خود کو قانون کے نیچے؟
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لیے بڑا دل گردہ چاہیے، عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو اس رپورٹ کے آنے کے بعد استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں۔
قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ ڈسکہ میں ووٹ چوری پکڑے جانے پر عمران نیازی کو سیاہ انتخابی اصلاحات اور الیکڑانک ووٹنگ مشین کی ضرورت پڑی۔