سابق بھارتی لیجنڈری کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ موجودہ بھارتی ٹیم کسی بھی اچھی ٹیم کے خلاف اسکور نہیں کرسکتی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل گواسکر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں کرنا درست نہیں ہے کیونکہ ایسا نہیں ہے کہ بھارت اپنے تمام میچ ہار گیا بلکہ دو میچوں میں بلے باز وہ نہیں کرسکے جس کی ان سے توقع کی جارہی تھی اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایسی حالت میں ہے۔‘
سنیل گواسکر نے کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ پہلے 6 اوورز میں 30 گز کے دائرے سے باہر صرف 2 فیلڈرز ہوتے ہیں، بھارت نے پچھلے کچھ آئی سی سی ٹورنامنٹس سے اس کا فائدہ نہیں اٹھایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب بھی بھارت کسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلتا ہے جس کے پاس اچھے بولرز ہوتے ہیں تو بھارت اسکور نہیں کر پاتا لہٰذا کرکٹ بورڈ کو اس مسئلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’دوسری اور سب سے اہم بات، بھارت کے پاس ایسے کھلاڑی ہونے چاہئیں جو فیلڈنگ میں غیرمعمولی ہوں، نیوزی لینڈ نے جس طرح فیلڈنگ کی، رنز بچائے، کیچز لیے، وہ سب سے اچھا تھا۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر آپ بھارتی ٹیم کو دیکھیں، سوائے 3 سے 4 شاندار فیلڈرز کے، کوئی ایسا فیلڈر نہیں جو رنز اور باؤنڈریز روکے۔‘
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر اس کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کردیا۔
اپنی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔