سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر نے کہا ہے کہ صرف ایک خراب ٹورنامنٹ کی بنیاد پر بھارتی ٹیم کو پرکھنا نہیں چاہیے بلکہ شائقین کرکٹ کو کرکٹرز کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوتم گھمبیر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’میں بھارتی شائقین سے درخواست کروں گا کہ وہ بھارتی ٹیم پر فخر کرتے رہیں، ہاں! ہم پاکستان سے ہار گئے، سرحد پار سے ہمارے دوست سیمی فائنل میں ہیں اور ہم نہیں ہیں لیکن ہمیں اپنی ٹیم کی پُرانی کارکردگی دیکھنی چاہیے۔‘
گوتم گھمبیر نے کہا کہ ’اسی بھارتی ٹیم نے ہمیں رواں سال آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں فتح دلوائی تھی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’عالمی وبا کورونا وائرس کے باوجود بھی ہمارے کھلاڑیوں نے دورے کیے، ٹریننگ کرتے رہے، سفر کیا، ہوٹل کے کمرے میں قرنطینہ کر رہے تھے اور بہترین کرکٹ کے لیے کوشش کرتے رہے۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سب کے بعد ہمیں اپنی ٹیم پر فخر کرنا چاہیے کیونکہ ہمارے لڑکوں نے بہت کوشش کی اور محنت بھی کی، ہمیں صرف ایک ٹورنامنٹ کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔‘
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر اس کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کردیا۔
اپنی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔