• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹ ٹیم نے نمیبیا کے خلاف بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھ کر میچ کھیلا


آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2021 کے میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے نمیبیا کے خلاف اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھ کر میچ کھیلا۔

بھارتی کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے بہت سے بین الاقوامی کھلاڑی تیار کرکے دینے والے دلی ڈومیسٹک کرکٹ کے لیجنڈری کوچ تارک سنہا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج کا میچ اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھ کر کھیلا۔

واضح رہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لیجنڈری کوچ تارک سنہا پانچ نومبر کو پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث اس دنیا سے کوچ کرگئے تھے۔

تارک سنہا نے 1969 میں اپنی جمع پونچی سے سونیٹ کلب کی بنیاد رکھی تھی، اسی کلب سے رمن لامبا سے لےکر رشبھ پنت جیسے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی جگہ بنائی اور بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی۔

واضح رہے کہ بھارت اور نیمیبا دونوں ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہوچکی ہیں۔

بھارت کو گروپ میں بڑی ٹیموں پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے ساتھ ہی اس کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے تھے۔

دوسری جانب اس نے اسکاٹ لینڈ اور افغانستان کو شکست دے کر اپنی بقا کی جنگ لڑنے کی کوشش کی لیکن کیویز کے ہاتھوں افغان ٹیم کی شکست کے بعد یہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

نمیبیا نے پہلے مرحلے میں آئرلینڈ جیسی ٹیم کو شکست دے کر اپنے لیے سپر 12 کی راہ ہموار کی تھی، جبکہ اس نے دوسرے مرحلے میں اسکاٹ لینڈ کو زیر کیا تھا تاہم اسے افغانستان، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

تازہ ترین