وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ سردیوں میں گیس کی قلت پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں حماد اظہر نے کہا کہ نومبر کے لئے 10 ایل این جی کارگوز کے انتظامات مکمل ہیں گیارہویں کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نومبر کے لئے 2 عالمی کمپنیوں کی جانب سے 2 ایل این جی کارگوز کی سپلائی منسوخ ہونے کے بعد ایک ایل این جی کارگو کا انتظام کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کے لئے بھی کوشش جاری ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ نومبر کے لئے اب مجموعی طور پر 10 ایل این جی کارگوز دستیاب ہیں ایک اور ایل این جی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
حماد اظہر نے بتایا کہ سردیوں میں توانائی کی بہتر فراہمی کیلئے اضافی بجلی کے استعمال پر بجلی کے نرخ بھی کم کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سردیوں میں گھریلو صارفین گیس فراہمی میں پہلی ترجیح ہوں گے۔