• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کی وباء پر قابو نہ پایا جا سکا، مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، اسپتالوں میں بھی بُرا حال ہے، ایک ایک بیڈ پر دو دو مریضوں کر رکھا جا رہا ہے ، محکمہ صحت پنجاب نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈینگی بخار میں استعمال ہونے والی کروڑوں گولیاں مارکیٹ میں بھجوا دی ہیںلیکن ڈینگی بخار کے مریض آج بھی دوا کی تلاش میں پھر رہے ہیں ۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 456 اور لاہور میں 333 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ڈینگی بخار سے مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مرنے والے پانچ مریضوں کا تعلق لاہور اور ایک کا راولپنڈی سے ہے۔

رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 19 ہزار 21 اور لاہور میں 14 ہزار 145 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی بخار سے 75 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، اسپتالوں میں مریضوں کا رش برقرار ہے۔

سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں ایک ایک بیڈ پر دو دو مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے، مریضوں کو سخت بخار میں کئی کئی گھنٹے کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے، بعض مریض ویل چیئر پر بیٹھے علاج کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈینگی بخار میں استعمال ہونے والی دوا کی 3 کروڑ 24 لاکھ گولیاں مارکیٹ میں بھجوائی گئی ہیںلیکن صورت حال یہ ہے کہ لاہور میں یہ دوا اب بھی نایاب ہے، لوگ دوا نہ ملنے پر سخت پریشان ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فارمیسز میں دوا نہیں مل رہی، محکمہ صحت نے کروڑوں گولیاں جہاں بھیجی ہیں ہمیں بھی بتا دیں تاکہ اپنے پیاروں کے علاج کے لیے دوا خرید سکیں۔

تازہ ترین