• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن پہلے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا سیکھے پھر سازش کرے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیشن کو پہلے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا سیکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہر وقت سازش کرکے کامیاب نہیں ہوسکتے۔

میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے اپوزیشن جماعتوں پر طنز کے وار کردیے اور کہا کہ اپوزیشن کو ڈیڑھ دو سال اور صبر کرنا پڑے گا اور پھر مزید 5 سال کیونکہ ان کے پاس لیڈر ہے اور نہ ہی پروگرام ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو سردیوں میں گرمی چاہیے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سمیت دیگر قوانین کی منظوری ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات  نے یہ بھی کہا کہ کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات آئین کے مطابق اور اسے ماننے کے بعد ہی ہورہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آئین و قانون کے احترام کی شرط پر مذاکرات کامیاب ہوں گے، مذاکرات کے ذریعے اب مسائل کو مستقل طور پر ختم کرنا ہو گا۔

افغان عوام کے لیے ریلیف کی بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں آٹے چاول کے لیے بچوں کو بیچا جارہا ہے، چاول اور گندم افغانستان کو بھجوارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ انسانی امداد جاری رہے، عالمی برادری، مسلم امہ سے اپیل ہے کہ افغان عوام کی مدد کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ افغانستان سے تجارت پر ایک کے سوا تمام ٹیکس ختم کردیے، کابل کا دارومدار بیرونی امداد تھا جو ختم ہوچکی۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ارکان کو اہم قانون سازی کے لیے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی، الیکٹورل اور دیگر قوانین کی منظوری مشترکا اجلاس میں ہوگی۔

تازہ ترین