کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں آرام کی غرض سےشرکت نہیں کریں گے۔کوہلی نے پہلے ہی کپتانی چھوڑ دی ہے ان کی جگہ روہت شرما کو کپتان اور کے ایل راہول کو نائب کپتان مقرر کیا گیاہے۔ منگل کو بھارتی کرکٹ بورڈ نے جس ٹیم کا اعلان کیا ہے اس میں رویندرا جدیجا، جسپریت بمراہ، ہاردک پانڈیا اور محمد شامی کوبھی آرام دیا گیا ہے۔ ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی آرام کریں گے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔ ٹیم میں روہت شرما کپتان،کے ایل راہول ، راتو راج گائیکوارڈ، شری یاس آئیر، سوریا کمار یادیو، رشابھ پنت، اشان کشن، ونکٹس آئیر، روی چندر ایشون، چاہل، اکشر پٹیل، اویش خان، بھونیشورکمار، دیپک چاہر، ہرشل پٹیل اورمحمد سراج شامل ہیں ۔ راہول ڈریوڈ کوچ کی حیثیت سے نئی اننگز شروع کریں گے۔