کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیو کراچی میں ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی کے باعث سامان جل کر خاکستر ہوگیا،یونیورسٹی روڈ پر آگ لگنے سے 5 جھونپڑیاں اور سامان جل گیا ، تفصیلات کے مطابق نیو کراچی گودھرا میں واقع ٹمبر مارکیٹ کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، واقعہ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا ، فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں تین گاڑیوں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر دو دکانوں میں نقصان ہوا جبکہ دیگر دکانوں میں جزوی نقصان ہوا، علاوہ ازیں یونیورسٹی روڈ شیخ زید اسلامک سینٹر کے قریب پلاٹ پر قائم جھونپڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے تیزی سے دیگرجھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کیا، فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو کا عمل شروع کیا،فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث 5جھونپڑیاں اور ان میں رکھا سامان مکمل طور پر جل گیا جبکہ دیگر جھونپڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا ،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ۔